Apr ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • غزہ میں فوری جنگ بند کی جائے پوپ فرانسس کا مطالبہ

کیتھولک عیسائیوں کے پیشوائے اعظم پوپ فرانسس نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور عوام تک انسان دوستانہ امداد بلاتاخیر پہنچانے کی اپیل کی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: ویٹیکن نیوز کے مطابق پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانیت کا راستہ، پتھروں، جنگوں، انسانی بحران، انسانی حقوق کی پامالی اور انسانوں کی اسمگلنگ سے بند نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے ایسٹر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں منجی عالم بشریت کی آمد کو انسانیت کی نجات کا راستہ قرار دیا اور کہا کہ منجی عالم بشریت کی آمد کا راستہ جنگ شروع کرکے نہیں روکا جاسکے گا۔
کیتھولک عیسائیوں کے پیشوائے اعظم پوپ فرانسس نے ایسٹر کی مناسبت اپنے پیغام میں مقبوضہ فلسطین اور یوکرین میں جنگ کے فریقوں سے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سبھی قیدیوں کی رہائی عمل میں آئےگی۔
پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں غزہ میں فوری جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے اور غزہ کے عوام تک انسان دوستانہ امداد پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ دنیا کے مختلف علاقوں میں جنگوں کی بھینٹ عام شہری اور بچے چڑھتے ہیں دنیا سے لڑائیاں ختم ہونے کی دعا کی ہے۔
کیتھولک عیسائیوں کے پیشوائے اعظم پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں شام، لبنان، ہیٹی، میانمار، افریقی ملکوں اور آذربائیجان اور آرمینیا کی سرحدوں پر امن و آشتی کی امید ظاہر کی ہے۔

ٹیگس