مختلف امریکی یونیورسٹیوں میں اسرائیل مخالف مظاہرے
امریکہ کی ہارورڈ ، ٹیگزاس اور جنوبی کیلیفورنیا یونیورسٹیوں میں بھی فلسطینیوں کی حمایت اور صیہونی حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: رپورٹ کے مطابق ٹیگزاس اور کیلیفورنیا کی یونیورسٹیوں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ہے۔ امریکہ کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء، غزہ پٹی پر اسرائیل کے حملے کے خلاف دھرنے پر بیٹھ گئے ہيں۔ اور زبردست احتجاجی مظاہرے کررہے ہيں۔ ریاست روڈ آئیلینڈ کی براؤن یونیورسٹی اور ساؤتھ کیلیفورنیا یونیورسٹی کے طلبا بھی غزہ میں جنگ بندی کے لئے کولمیبا یونیورسٹی کے طلبہ کے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ آسٹین کی ٹیگزاس یونیورسٹی کے طلبہ مظاہرین کی ریلی کو روکنے کے لئے دسیوں پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپيں ہوئيں اور کئی طلبہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ابھی گرفتار طلبہ کی صحیح تعداد سامنے نہیں آئی ہےہارورڈ یونیورسٹی نے بھی مظاہروں کے ڈر سے یونیورسٹی کا گراؤنڈ بند کردیا ہے اور اجازت کے بغیر اس میں کیمپ لگانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے تاہم مظاہرین نے بدھ کو چودہ کیمپ لگا کر دھرنا دیا۔ براؤن یونیورسٹی کے مظاہرین نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام کمپینوں سے اپنے رابطے منقطع کر لے جو غزہ میں نسل کشی اور فلسطین پر اسرائیل کے وسیع قبضے کا امکان فراہم کررہی ہيں اور اس سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق تقریبا فلسطین کے حامی تقریبا سو طلبہ، ٹیگزاس یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے دفتر کے راستے پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے ہیں۔ نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور پولیس کے درمیان بھی جھڑپوں کی خبر ہے ۔کولمبیا یونیورسٹی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی کا انٹری گيٹ بند کرکے تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔