کولمبیا نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر لئے
کولمبیا کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک نے صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر لئے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کولمبیا کے وزیر خارجہ لوئیس موریلو نے کہا ہے کہ صدر کوستاوو پیترو کی زیر قیادت ان کے ملک نے صیہونی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی پابندی نہ کئے جانے کی بنا پر اس حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات توڑ لئے ہيں۔
لوئیس موریلو نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ان کا ملک غرب اردن میں واقع رام اللہ میں کولمبیا کا سفارتخانہ کھولنے کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گا۔
کولمبیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر پیٹرو کا موقف شروع سے ہی واضح تھا اور غزہ میں جو کچھ ہوا ہے انھوں نے اس کی سخت مذمت کی ہے۔
کولمبیا کے وزیر خارجہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے لئے ہم ایک عرصے سے کوششیں کر رہے ہيں کہا کہ موجودہ نسل کشی ناقابل برداشت ہے۔
موریلو نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت اور جنگ بندی کی اپیل کی اور قیام امن کے حصول کے لئے بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔