Jun ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • دہشتگرد اسرائیل کا غزہ پر وحشیانہ حملہ،  جواب میں القسام بریگیڈ نے صیہونی فوج کے ٹھکانوں پر کئے سنگین حملے

صیہونی فوجیوں نے شہر غزہ کے علاقے شجاعیہ پروحشیانہ حملہ کیا ہے جبکہ فلسطینی مجاہدین نے جواب میں شجاعیہ اور نتساریم میں صیہونی فوج کے ٹھکانوں پر سنگین حملے کئے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: ارنا کے مطابق فلسطین کے اسلامی استقامتی محاذ کے مجاہدین نے صیہونی فوجیوں کے مراکز پر سنگین حملے کئے ہیں۔  اس رپورٹ کے مطابق حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے جنوبی غزہ کے شہر رفح کے مشرق میں واقع مسجد الشبلی کے اطراف میں ایک صیہونی فوجی کا شکار کیا۔

 القسام بریگیڈ کے مجاہدین نے اسی طرح نتساریم سیکٹر پر صیہونی فوج کے کمانڈ سینٹر پر رجوم میزائل سے حملہ کیا ہے۔ اسی کے ساتھ جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی اعلان کیا ہے کہ شہر رفح کے مشرق میں صوفا فوجی مرکز پر مارٹر سے حملہ کیا ہے۔ ادھر صیہونی ذرائع ابلاغ نے غزہ کے مضافات میں واقع علاقے ناحل عوز پرمتعدد راکٹ گرنے کی خبر دی ہے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے اسی طرح شجاعیہ کے مشرق میں واقع علاقے التوانسہ میں صیہونی فوجیوں کے راستےمیں بم دھماکہ کیا ہے۔

دوسری طرف صیہونی حکومت کے میڈیا نے خبر دی  ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے شجاعیہ پر حملہ کیا ہے۔ صیہونی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ صیہونی فوج نے یہ حملہ شجاعیہ میں القسام بریگیڈ کے مجاہدین  کی واپسی کی اطلاع ملنے کے بعد کیا ہے۔

 اس درمیان الجزیرہ نے شجاعیہ پر صیہونی فوج کے شدید فضائی حملے اور گولہ  باری کی خبر دی ہے۔  فلسطینی ذرائع نے شجاعیہ پر صیہونی فوجیوں کے حملے میں متعدد فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے ۔

فلسطینی ذرائع نے اسی کے ساتھ شجاعیہ سے دسیوں ہزار فلسطینیوں کی نقل مکانی کی خبر دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ شجاعیہ کے عام شہریوں بالخصوص بچوں کے تحفظ کے لئے فوری اقدام کرے۔

دوسری طرف صیہونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غرب اردن کے علاقے جنین اور شمالی مقبوضہ فلسطین میں لبنان کی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں اس کے  بائيس فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس