ٹی20 ورلڈ کپ فائنل: ہندوستان نے دیا 177 رنز کا ہدف، جنوبی افریقا کی بیٹنگ جاری، 4 وکٹ پر 109 رنز
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں ہندوستان نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 177 رنز کا ہدف دے دیا، ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے اب تک 4 وکٹ پر107 رنز بنا لئے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم بارباڈوس میں کھیلے جارہے میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی 76 اور اکشر پٹیل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ہندوستان کی پہلی اور دوسری وکٹ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر گریں، کپتان روہت شرما 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے انکے بعد بیٹنگ کیلئے آنیوالے رشبھ پنت بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
ہندوستان کو تیسرا نقصان 34 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب سوریا کمار یادو 3 رنز بناکر کیچ تھما گئے۔
ہندوستان کی چوتھی وکٹ 106 رنز پر گری جب اکشر پٹیل 47 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ 163 رنز کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
آخری اوور میں شیوم دوبے 27 اور رویندرا جڈیجا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ہاردک پانڈیا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی طرف سے کیشو مہاراج اور اینرچ نورٹجے نے 2، 2، کاگیسو ربادا اور مارکو جینسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس دوران جنوبی افریقا نے خبر لکھے جانے تک 13 اوورز میں چار وکٹ کھو کر 109 رنز بنا لئے تھے۔