دنیا کے کئی ممالک میں مظاہرے، امریکی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ
غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں بے گناہ اور نہتے فلسطیینوں کی مسلسل نسل کشی کے خلاف یورپ اور دیگر ملکوں میں فلسطینی حامیوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یورپی شہروں میں مظاہرے کئے ہیں
سحر نیوز/ دنیا: ہمارے نمائندوں کی رپورٹوں کے مطابق فلسطین کے حامیوں نے برطانیہ ، ڈنمارک ، آسٹریا ، سوئٹزرلینڈ ، ہالینڈ ، جرمنی ، اسپین ، ناروے اور آئرلینڈ کے مختلف شہروں میں مارچ اور مظاہرے کئے اور غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے –
انہوں نے اپنی اپنی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ہتھیار بھیجنا بند کریں ۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں سینکڑوں مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا کر مارچ کیا ۔ جرمن حکام نے ان مظاہروں کو یہودی دشمنی کے خلاف جنگ کا نام دے کر بہت سے اسرائیل مخالف اجتماعات اور مظاہروں پر پابندی لگا دی ہے۔
فلسطین کے ساتھ یکجہتی کی تحریک کے اراکین نے گلاسکو، برائٹن اور بورن ماؤتھ میں مظاہرے کرکے فلسطینی قوم کی حمایت کا اعلان کیا اور برطانوی حکام کے لیے سرخ لکیر کھینچنے کی علامت کے طور پر پانچ سو میٹر لمبا سرخ کپڑا اٹھا رکھا تھا۔
سوئٹزرلینڈ کی لوزان یونیورسٹی میں فلسطین کے حامی طلباء نے بھی فلسطینی پرچم کے رنگ میں غبارے آسمان پر چھوڑے جن پر فلسطینی پرچم ، یا غزہ میں اسرائیل کے جرائم کی مذمت کے پیغامات پر مشتمل کاغذات آویزاں تھے-
فلسطین کے حامی آسٹریا کے طلباء نے بھی ویانا میں اینگوانٹے فیسٹیول کے دوران ایک مظاہرہ کیا اور غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے حملوں کے متاثرین کی یاد میں اپنے ہاتھ سرخ کر کے، غزہ میں جاری مظالم کے خلاف یونیورسٹی کی خاموشی اور جاری نسل کشی میں ان کے ملک کے ملوث ہونے کی مذمت کی۔
فلسطین کے حامیوں نے جنوبی ناروے کے شہر کرسٹیان سینڈ اور اسپین کے(کینیری جزائر کے دوسرے سب سے زیادہ آبادی والے جزیرہ) گرن کاناریا میں بھی بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے۔
تیونس کے عوام نے بھی فلسطین کی حمایت جاری رکھتے ہوئے اتوار کو امریکی سفیر کو ملک بدر کرنے اور غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ تیونس کے عوام نے امریکی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا، جس میں غزہ میں نسل کشی بند کرنے اور فلسطینی قوم کے خلاف جنگ کی حمایت کرنے پر اس ملک کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔
سات اکتوبر کے بعد سے اب تک تیونس کے عوام نے فلسطینیوں کی مزاحمت کی حمایت اور صیہونیوں کے جرائم کی مذمت میں مسلسل مظاہرے کیے ہیں.