Jul ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • فرانس میں انتخابی نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی پرتشدد مظاہرے شروع

فرانس میں سات جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں صدر امینوئل میکرون کی پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑاہے جبکہ نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے ۔

سحر نیوز/ دنیا: موصولہ رپورٹوں کے مطابق فرانس میں سات جولائی کو پارلیمنٹ کی کل پانچ سو ستتر نشستوں کے لئے ووٹنگ ہوئی جن میں سے بائیں بازو کے نیو پاپولر فرنٹ الائنس کو ایک سو بیاسی سیٹیں ملیں جبکہ برسراقتدار ایمانوئل میکرون کی رینیسنس پارٹی ایک سو ترسٹھ نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی اوردائیں بازو کے نیشنل ریلی الائنس کو ایک سو تینتالیس سیٹیں ملیں۔

رپورٹ کے مطابق فرانس کی تینوں بڑی پارٹیوں میں سے کسی پارٹی کو بھی اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ فرانس میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے دو سو نواسی نشستیں جیتنا ضروری ہے۔کسی پارٹی کو اکثریت حاصل نہ ہونے کی صورت ميں یہ بات طے ہے کہ فرانس میں مخلوط حکومت بنے گی۔

 اسی دوران بائیں بازو کے الائنس کو زیادہ نشستیں ملنے کے باعث دارالحکومت پیرس سمیت پورے ملک میں تشدد واقعات رونما ہوئے۔

فاکس نیوز کے مطابق نتائج کے اعلان کے بعد مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور پر تشدد احتجاج شروع کر دیا۔ منظرعام پر آنے والے ویڈیو میں مظاہرین کو آگ لگاتے اور سڑکوں پر تباہی مچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تشدد کے پیش نظر پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا اور ملک بھر میں پولیس تعینات کردی گئی ہے۔

ٹیگس