Jul ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۲ Asia/Tehran
  • یورپی یونین: عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت

یورپی یونین نے ہیگ کی عالمی عدالت کے اس فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس میں کہا گيا ہے کہ صیہونی حکومت مقبوضہ فلسطین کی سرزمینوں کی خالی کرے اور ان علاقوں پر اسرائیل کا قبضہ غیر قانونی ہے

سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ ہیگ کی عدالت کے اس فیصلے کی زیادہ سے زیادہ حمایت کرے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ہیگ کی عدالت کا یہ فیصلہ یورپی یونین کے موقف کے بہت زیادہ قریب ہے۔ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا کہ آج کی دنیا میں ہم روز افزوں طور اور بڑے پیمانے پر بین الاقوامی قوانین اور حقوق کی پامالی کا مشاہدہ کررہے ہيں اور ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہیگ کی عدالت کے فیصلے کو کسی بھی تفریق کے بغیر نافذ کرائيں۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے پہلے ہی ہیگ کی عدالت کے فیصلے پر کہہ چکا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں موجودہ غیر قانونی صورتحال کے خاتمے کا واحد راستہ پورے فلسطینی علاقے میں فلسطینی باشندوں کی شرکت سے ایک ریفرنڈم کا انعقاد ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہیگ کی عالمی عدالت کے فیصلہ ایک بار پھر اس حقیقت کو ثابت کرتا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے اقدامات غاصبانہ اور غیرقانونی ہيں۔ واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے جمعہ کو اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی بستیوں کی تعمیر اور وہاں اسرائیل کی موجودگی غیر قانونی ہے اور اسے ان علاقوں سے باہر نکل جانا چاہیے۔

ٹیگس