اقوام متحدہ کو صفحہ ہستی سے مٹادینا چاہیے، اقوام متحدہ میں غاصب صیہونی حکومت کے سابق سفیر کی ہرزہ سرائی
صیہونی حکومت کے سابق مندوب نے غزہ پٹی میں اس غاصب حکومت کے جرائم پر اقوام متحدہ سے وابستہ اداروں اور سفارتکاروں کے احتجاج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو صفحہ ہستی سے مٹا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: اقوام متحدہ میں غاصب صیہونی حکومت کے سابق سفیر گیلاد اردان نے صیہونی ٹی وی چینل آئی چوبیس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں اقوام متحدہ کے نام سے کسی بین الاقوامی ادارے کی ضرورت نہيں ہے۔ گیلاد اردان نے کہا کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی عمارت کا دروازہ بند کردینا چاہیے اور اسے صفحہ ہستی سے مٹا دینا چاہیے۔
گیلاد اردان نے کہا کہ یہ عمارت ممکن ہے باہر سے خوبصورت لگتی ہو لیکن اپنی ماہیت سے دور اور گمراہ ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ گیلاد اردان نے اس سے قبل جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی قرارداد کا جائزہ لے رہی تھی اس ادارے کی توہین کی تھی۔