ایک سال سے بھی کم عرصے میں اسرائیل کے ختم ہونے کا امکان ہے، سابق صیہونی جنرل کا انتباہ
غاصب صیہونی فوج کے ریٹائرڈ جنرل اسحاق بریک نے کہا ہے کہ اگر تحریک مزاحمت کے ساتھ تھکا دینے والی جنگ جاری رہی تو یہ حکومت ایک سال سے بھی کم عرصے میں نابود ہوجائے گی۔
سحرنیوز/دنیا: صیہونی حکومت کے ایک ریٹائرڈ جنرل اسحاق بریک نے ایک بار پھر اس حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کے حصول کی راہ میں روڑے اٹکائے جانے پر کڑی نکتہ چينی کی۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کی نئی شرائط نے جنگ بندی اور قیدیوں کی واپسی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ بریک نے خبردار کیا کہ اگر حماس اور حزب اللہ کے ساتھ جنگ جاری رہی تو ایک سال سے بھی کم عرصے میں صیہونی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یولاف گیلنٹ بھی اس بات کو سمجھ رہے ہیں کہ ہم غزہ کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں اور ہمارے فوجی مارے جا رہے ہیں جبکہ حماس کے خاتمے کا ہدف بھی پورا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔