پوپ فرانسس کی جانب سے کملا ہیرس اور ٹرمپ کی مخالفت
پوپ فرانسس نے امریکا کے دونوں سرفہرست امیدواروں کی مخالفت کردی۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے امریکا کے دونوں سرفہرست صدارتی امیدواروں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لئے ان دنوں انتخابی مہم میں سرگرم دو اہم امیدواروں کو زندگی مخالف قرار دیا اور کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس دونوں ہی زندگی کیخلاف اقدامات کے حامی ہیں۔
پوپ فرانسس نے کہا کہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امیگرینٹس کے خلاف ہیں اور کاملا ہیرس اسقاط حمل کی حامی ہیں۔ انہوں نے امریکا میں کیتھولک ووٹرز پر زور دیا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے بجائے کسی کم برے صدارتی امیدوار کا انتخاب کریں۔
واضح رہے کہ پوپ فرانسس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ حال ہی میں امریکہ کے مذکورہ دونوں صدارتی امیدواروں نے اپنے پہلے ٹی وی مباحثے میں فلسطین اور غزہ میں وہاں کے عوام کی نسل کشی میں مصروف دہشتگرد صیہونی ٹولے کی کھل کر حمایت کی تھی اور دونوں نے ہی صیہونی دہشتگردی کی حمایت میں اپنے حریف پر سبقت حاصل کرنے میں ایڑی چوٹی کا زور لگایا تاہم ان کا یہ گھناؤنا اقدام پوپ فرانسس کی مخالفت کا سبب نہ بنا اور انہوں نے اپنی مخالفت کی بنیادی وجہ دیگر دو اسباب کو قرار دیا۔