اسرائیل میں شہادت پسندانہ کارروائی; 2 صیہونی ہلاک, 9 زخمی
اسرائیل کے جنوبی علاقے بئر السبع کی مرکزی بس اسٹیشن پر حملے سے خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری مدد کے لیے چیختے ہوئے بھاگ کھڑے ہوئے۔
سحر نیوز/ دنیا: اسرائیل کے ٹیلی ویژن چینل 14 کی رپورٹ کے مطابق جنوبی اسرائیل کے شہر بئر السبع میں فائرنگ اور چاقو سے حملے کے واقعے میں 2 صیہونیوں کے ہلاک اور 9 صیہونیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
اسرائیل کے جنوبی علاقے بئر السبع کی مرکزی بس اسٹیشن پر حملے سے خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری مدد کے لیے چیختے ہوئے بھاگ کھڑے ہوئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے میں بس کے انتظار میں کھڑے صیہونیوں پر شہادت پسندانہ کارروائی کی گئی۔
امدادی کاموں کے دوران جائے وقوعہ سے 10 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک خاتون نے خون زیادہ بہہ جانے کے باعث دوران علاج دم توڑ دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمیوں کے جسم پر موجود زخموں سے اندازہ ہوتا ہے کہ زیادہ تر پر چاقو کے وار کیے گئے اور چند ایک کو گولی بھی ماری گئی۔
عبری زبان کے ذرائع نے کہا ہے کہ شہادت پسندانہ کارروائی النقب کے حوره علاقے سے تعلق رکھنے والے فلسطینی نوجوان احمد سعید العقبی نے کیا جسے گولی مار کر شہید کردیا گیا۔