غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل؛ نیویارک سمیت پوری دنیا میں مظاہرے
غزہ کے خلاف اسرائیل کی جنگ کے ایک سال پورا ہونے کے موقع پر فلسطینی حامی مظاہرین نے مسلسل دوسری رات بھی نیویارک میں اجتماع کیا
سحر نیوز/ دنیا: نیویارک شہر کے مختلف علاقوں میں طوفان الاقصی آپریشن کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر گزشتہ رات فلسطینی حامی مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے جس کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے دوران پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
فلسطین کے حامی مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھائے اور ڈھول بجاتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی اور فلسطین کی آزادی کے نعرے لگاتے رہے۔
حالیہ دنوں میں الاقصی طوفان آپریشن کے ایک سال پورا ہونے کے موقع پر فلسطین کے حامیوں نے کئی ممالک کے مختلف شہروں میں اجتماع کیا اور مارچ کیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے چھ اکتوبر کو نیویارک کے "ٹائمز" اسکوائر میں ہونے والے صیہونیت مخالف بڑے مظاہرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مظاہرین نے نیتن یاہو کی ایک تصویر اٹھا رکھی تھی جس پر ان کے ہاتھوں فلسطینیوں کے بہائے گئے خون کی علامت کے طور پر سرخ رنگ چھڑکا ہوا تھا، اور وہ غزہ میں جنگ بندی کے نعرے لگا رہے تھے۔