لبنان میں کتنے لاکھ افراد بے گھر ہوئے: اقوام متحدہ نے بتا دیا
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ لبنان میں نو لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہيں ۔
سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ نے اپنے تازہ ترین اعداد و شمار میں کہا ہےکہ لبنان میں چھے لاکھ سے زیادہ افراد دربدر اور پناہ گزيں ہيں جبکہ تین لاکھ سے زیادہ لبنانی جنگ شروع ہوتے ہی ملک سے باہر نکل گئے اور اسرائیل کے ساتھ دوہزار چھے کی جنگ میں بھی تقریبا اتنے ہی لبنانی دربدر ہوئے تھے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ لبنانی حکام نے تازہ ترین اعداد و شمار میں پناہ گزینوں کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ بتائی ہے۔
اقوام متحدہ کے ہجرت سے متعلق ادارے کے سربراہ ڈینکن سالیون نے کہا ہے کہ لبنان میں اقتصادی بدحالی نے پناہ گزینوں کی مدد کی گنجائش کم کردی ہے۔
حکومت لبنان کا کہنا ہے کہ ملک میں آٹھ سو سے زیادہ پناہ گاہیں ہیں جو پناہ گزینوں سے بھری ہوئی ہیں اور نہایت محدود تعداد کی گنجائش باقی رہ گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کا کہنا ہے کہ لبنان کے ایک چوتھائی علاقوں بالخصوص جنوبی لبنان پراسرائیلی فوج بمباری کر رہی ہے اور صیہونی حکومت اب بھی ان علاقوں کو خالی کرانے پر اصرار کر رہی ہے ۔