حزب اللہ کے ہاتھوں شکست کے بعد صہیونی فوجیوں کی پسپائی ؟
صہیونی ذرائع ابلاغ میں لبنان پر صہیونی حکومت کی زمینی جارحیت کے خاتمے کی متضاد خبریں گردش کر رہی ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان پر صہیونی حکومت کی طرف سے زمینی حملے کے بعد حزب اللہ کے ہاتھوں صہیونی فوج کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
زمینی جنگ میں ہزیمت کے بعد صہیونی فوج نے جنوبی لبنان میں زمینی جنگ ختم کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا ہے۔
صہیونی چینل 13 نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان کے ساتھ زمینی جنگ ختم کرنا چاہتی ہے۔
چینل نے کہا کہ جنوبی لبنان پر صہیونی جارحیت ختم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صیہونی میڈیا نے زمینی جنگ میں حزب اللہ سے اسرائیلی فوج کی شکست کا اعتراف کیا تھا۔
صہیونی اخبار یدیعوت احارونوت نے مقبوضہ علاقوں اور جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے میں حزب اللہ کے ساتھ زمینی لڑائی میں اسرائیلی فوج کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ فوج کا ایک بڑا دستہ چار ہفتوں کے دوران جنوبی لبنان کے ایک گاؤں پر بھی قبضہ نہیں کر سکا ہے۔
اس اخبار نے مزید لکھا کہ ان فوجیوں کی تعداد، 2006 میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان 33 روزہ جنگ میں حصہ لینے والے فوجیوں سے تین گنا زیادہ ہے۔
اسی دوران صہیونی اخبارھاآرتض نے غزہ کی پٹی اور لبنان سے ملحقہ سرحد پر جنگی محاذوں میں اسرائیلی فوج کی بوکھلاہٹ کے بارے میں لکھا ہے کہ اسرائیلی فوج تھک چکی ہے اور مقبوضہ علاقوں کے جنوب اور شمال میں جنگ کے خاتمے کے لئے ایک معاہدہ طے پا جانا چاہیے۔