Dec ۰۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • دنیا کے مختلف ممالک میں غزہ کے عوام کی حمایت میں مظاہرے

اسپین کے پچاس شہروں سمیت یورپ اور دنیا کے بہت سے ملکوں میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرے ہوئے ہیں

سحرنیوز/دنیا: موصولہ رپورٹ کے مطابق حماس کی اپیل پر گذشتہ تین دنوں سے فلسطینوں کی حمایت میں وسیع پیمانے پر مظاہرے ہو رہے ہيں اور اسی سلسلے میں اسپیین کے پچاس شہروں سمیت دنیا کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے ہيں۔ اسی تعلق سے میڈریڈ میں سب سے بڑے مظاہرے کا انعقاد کیا گيا جس میں مظاہرین نسل کشی کے خاتمے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دنیا کے پینتیس ملکوں کے پندرہ ہزار ہنرمندوں نے ایک مشترکہ بیان پر دستخط کرکے عالمی برادری سے جنگ کے خاتمے اور فلسطین میں ایک آزاد و خودمختار حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔
برطانیہ میں بھی ہزاروں فلسطینی حامیوں نے غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے خلاف مظاہرے کئے اور ایک بار پھر فلسطین کے مظلوم اور نہتے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا۔ بوسنیہ اور ہرزگوینہ کے دارالحکومت سارایوو میں بھی غزہ کے عوام کی حمایت میں مظاہرے کئے گئے- اس مظاہرے میں بھی ہنرمندوں ، اساتذہ ، طلبہ، اور ڈاکٹروں نے شرکت کی اور غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کی۔ اسی طرح ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈم اور سوئيڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں عوام نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ کینیڈا کےشہر مونٹرال میں بھی فلسطینی حامیوں نے وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا اور اس شہر میں خرید و فروخت کے ایک فیسٹیول کا انعقاد کیا- ٹیونس میں بھی عوام نے فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ دنیا کے متعدد ملکوں میں جہاں ایک طرف فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی کی مذمت میں مظاہرے ہو رہے ہیں وہیں تل ابیب سمیت فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونیوں نے نتنیاہو کے خلاف مظاہرہ کرکے حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں گذشتہ کئی مہینوں سے نتنیاہو اور اس کی جارج کابینہ کے خلاف صیہونی مظاہرہ کر رہے ہيں اور وہ حماس کے ساتھ معاہدے کے ذریعے اپنے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہيں تاہم نتنیاہو نے ابھی تک ان کا مطالبہ پورا نہیں کیا ہے۔

ٹیگس