امریکا : 30 ریاستوں میں شدید برفباری، 6 میں ایمرجنسی نافذ
امریکا کی 30 ریاستیں اس وقت برفباری اور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جس سے امریکیوں کا نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔
امریکا اس وقت سخت سرد موسم کا شکار ہے اور اس خاص موسمیاتی کیفیت جسے 'پولر ورٹیکس‘ کہا جاتا ہے اس کی وجہ سے 30 سے زیادہ امریکی ریاستوں میں شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے، کچھ ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سے لے کر منفی 29 ڈگری تک ہے جب کہ کینیڈا کی ریاست مینی ٹوبا میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
امریکا کے موسمیاتی ادارے نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ اوہائیو سے لےکر واشنگٹن تک مختلف ریاستوں میں 6 سے 12 انچ تک برف پڑسکتی ہے، برفباری کے باعث سردی کی شدت میں پہلے ہی اضافہ ہوگیا ہے جب کہ سخت سردی اور برفباری کی وجہ سے 6 امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی کی صورتحال کا اعلان کیا گیا ہے۔
برفباری کی وجہ سے 1500 سے زائد پروازیں ملتوی کردی گئی ہیں اور 5 ہزار پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، مختلف سڑکیں بھی برفباری کے باعث بند ہیں جب کہ کچھ ریاستوں میں اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک موسمیاتی ادارے کا بتانا ہے کہ ممکنہ طور پر حالیہ جنوری میں ہونے والی سردی 2011 کے بعد امریکی تاریخ میں جنوری میں ہونے والی سب سے زیادہ سردی ہوگی۔