Jan ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل کا اعتراف: یمن نے مختلف شہروں پر سینکڑوں میزائل اور ڈرون داغ دیئے

یمنی فوج نے مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ صہیونی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ یمن کی جانب سے اسرائیل پر زبردست حملے کئے گئے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا:  غاصب صہیونی فوج نے اعتراف ہے کہ حالیہ دنوں میں یمن کی جانب سے اسرائیل کے مختلف شہروں پر سینکڑوں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔

اگرچہ صیہونی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے غزہ کی جنگ کے آغاز سے مشرق وسطی کو آگ لگانے کا دعوی کیا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ خطے کی استقامتی تنظیموں کے حملوں کے سامنے صہیونی حکومت ناکامی سے دوچار ہوگئی اور یمنی فوج ان حملوں میں پیش پیش ہے۔

اس سلسلے میں اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمنی فوج نے سینکڑوں میزائل مقبوضہ علاقوں کی طرف فائر کیے ہیں جن میں سے متعدد کو صہیونی دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دوران یمنی فوج نے کم از کم 320 خودکش ڈرونز بھی مقبوضہ علاقوں کی طرف فائر کیے جس سے اسرائیلی فوج کے دفاعی نظام پر دباؤ بڑھا ہے۔

یمن اور مقبوضہ فلسطین کے درمیان فاصلہ 2 ہزارکلومیٹر سے زیادہ ہے تاہم طویل فاصلہ طے کرتے ہوئے کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنانے سے یمنی فوج کی دفاعی طاقت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

ٹیگس