فلسطینی ریاست کی تشکیل کے بغیر علاقے میں امن کا تصور مشکل؛ مصر کے وزیرخارجہ
مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا ہے کہ غزہ میں مستحکم جنگ بندی اور مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے قاہرہ، امریکہ اور قطر کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے لیکن فلسطینی ریاست کو تشکیل دیے بغیر، علاقے میں امن کا تصور تک ممکن نہیں۔
سحرنیوز/دنیا: مصر کے وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کو جبری بےدخلی کرائے بغیر غزہ کی تعمیرنو پر زور دیا اور کہا کہ غزہ اور فلسطینی سرزمینوں میں انروا کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ بدر عبدالعاطی نے کہا کہ قاہرہ، جنگ بندی اور مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے امریکہ اور قطر کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی ملک کی تشکیل کے بغیر امن کا تصور تک مشکل ہے۔ مصر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں تین مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں لہذا دوسرے مرحلے پر عملدرامد کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ مصر کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس منعقد ہوں گے جس میں غزہ کے تعمیرنو کے لیے قاہرہ کے منصوبے کو پیش کیا جائے گا۔
بدر عبدالعاطی نے غزہ میں عام تباہی پھیلانے والے ہتھیار اور بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کو بھی ناقابل قبول قرار دیا۔