Jun ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ نے خالی تنصیبات کو نشانہ بنایا ، امریکی سابق عہدہ دار

ٹرمپ نے اپنے دعوے کے برخلاف ایران کے ان تین جوہری مراکز کو نشانہ بنایا ہے جن میں سے ایک اینٹی بامب اور دو دیگر خالی تھے۔یہ کہنا ہے امریکہ کے ایک سابق عہدیدار کا۔

سحر نیوز/ دنیا:  اقوام متحدہ میں امریکہ کے سابق انسپکٹر اور جنگ مخالف سماجی کارکن اسکاٹ ریٹر نے ایران کے جوہری مراکز پر حملہ کرکے انہیں تباہ کرنے پر مبنی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کر دیا۔

اسکاٹ ریٹر نے کہا کہ ٹرمپ نے ایران کے فوردو جوہری پلانٹ پر حملہ کیا جو کہ اینٹی بامب ہے اور اسے نشانہ بنانا آسان نہیں، جبکہ نطنز اور اصفہان کے نشانہ بننے والے دو دیگر ایٹمی پلانٹ بھی خالی تھے۔

اقوام متحدہ کے سابق امریکی انسپکٹر نے ٹرمپ کو امریکی قوم کے لئے شرمساری کا باعث بتایا اور کہا کہ انہوں نے اپنی فیس سیونگ کے لئے ایک ڈرامہ کیا ہے، ٹرمپ نے فوردو پر چھے بم گرا کر اسکی تباہی کا دعویٰ کیا جبکہ حقیقت اس کے برخلاف ہے اور انہوں نے صرف ایک محدود سطح کا حملہ کیا ہے، جبکہ دو دیگر ایٹمی مراکز پر جو حملے ہوئے وہ خالی تھے اور اسرائیل ان پر بمباری کر چکا تھا۔مذکورہ امریکی عہدیدار کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فوردو سے امریکی حملے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں چند معمولی اور سطحی قسم کے دھماکوں کا مشاہدہ کیا گیا جو حتی اس علاقے میں روزمرہ کی سرگرمیوں تک کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب ایران کے قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ کے سیاسی امور میں مشیر اور سینیئر تجزیہ نگار مسٹر عابدینی نے تازہ امریکی جارحیت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پسپائی کے لئے نئے نئے طریقے اپنانے کا استاد ہے، تینوں جوہری مراکز کو پہلے ہی خالی کیا جا چکا تھا اور امریکہ کا جنگ میں کود پڑنا ایران کے مقابلے میں اسرائیل کی شکست کو ظاہر کرتا ہے اور اس کا مقصد اسرائیل کو جنگ کے دلدل سے نجات دلانا تھا تاہم ایران نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ حملہ چاہے جس سطح کا بھی رہا ہو، تہران امریکی جارحیت کا نہایت سخت اور دندان شکن جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی پر امن ایٹمی تنصیبات پر حملہ بذات خود بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی۔

 

ٹیگس