رہبر انقلاب اسلامی کی مجلس عزا میں شرکت نے ساری دنیا میں تہلکہ مچا دیا
امریکی و صیہونی دھمکیوں اور میڈیا پروپیگنڈے کے درمیان رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی مجلس عزا میں شرکت نے ساری دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: گزشتہ شب تمام عالمی ذرائع ابلاغ اور رائے عامہ کا رخ ایک بار پھر اُس وقت ایران کی جانب ہو گیا جب تہران کے حسینہ امام خمینی میں جاری شب عاشور کی مجلس کے دوران اچانک رہبر انقلاب اسلامی فرش عزا پر پہنچ گئے۔ مجلس عزا میں رہبر انقلاب اسلامی کی شرکت اس لئے بڑی اہمیت کی حامل رہی کہ حسینیہ امام خمینی میں مجالس کا سلسلہ خود رہبر انقلاب اسلامی کی میزبانی میں ہوتا ہے مگر رہبر انقلاب گزشتہ دنوں مجالس میں شریک نہیں ہوئے جس کے بعد دشمن قوتوں نے ان کے سلسلے میں شدید پروپیگنڈا شروع کر دیا تھا۔ تاہم گزشتہ شب رہبر انقلاب اسلامی کی مجلس عزا میں شرکت نے مغربی ممالک اور صیہونی ٹولے کے تمام پروپیگنڈے پر پانی پھیر دیا اور دنیا کو یہ بتا دیا کہ ایران کے بارے میں امریکی و صیہونی اندازے ایک بار پھر غلط ثابت ہوئے ہیں۔
رہبر انقلاب کی مجلس عزا میں آمد کی خبر نے جہاں پورے ایران میں خاص جوش و ولولہ پیدا کر دیا وہیں ساری دنیا کو حیران بھی کیا جو امریکی و صیہونی دھمکیوں کے بعد ایران پر اپنی گہری نظریں جمائے ہوئے تھی۔ اس مجلس کی ایک خاص بات یہ بھی رہی کہ مداح محمود کریمی نے خود رہبر انقلاب اسلامی کی فرمائش پر اپنا تحریر کردہ ایران ایران والا اپنا نوحہ پڑھا۔ قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کے اس اقدام کو عالمی سطح پر بے مثال شجاعت و دلیری اور حکیمانہ قیادت کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔