ایرانی میزائل نے نیتن یاہو کے دفتر کو بنایا نشانہ؛ صیہونی ذرائع کا بڑا اعتراف
اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایک ایرانی میزائل نے صیہونی وزیر اعظم کے دفتر کو نشانہ بنایا۔
سحرنیوز/دنیا: عبرانی اسٹیشن Hadshot Bazman نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ ایک ایرانی میزائل کریات میں وزارت جنگ کے ہیڈکوارٹر میں واقع وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر پر لگا تھا۔ رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کا دفتر عمارت کی تعمیر نو اور مرمت کے لیے 4 ماہ کے لیے بند رہے گا۔ دیگر اسرائیلی میڈیا ذرائع نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ کریات بیس میں نیتن یاہو کا دفتر اور پوری عمارت کو مرمت کے لیے خالی کرا لیا گیا ہے۔
دو روز قبل اسرائیلی میڈیا نے اعتراف کیا تھا کہ قابض حکومت کے حساس ترین فوجی اور سیکورٹی مراکز میں سے ایک، یعنی "کریات" کی عمارت جو کہ تل ابیب میں اسرائیلی وزارت جنگ کا صدر دفتر ہے، اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائل حملے کے دوران براہ راست نشانہ بنی۔ ذرائع ابلاغ نے ایرانی میزائلوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت کی بالائی منزلوں پر میزائلوں کے براہ راست ٹکرانے سے کافی نقصان ہوا ہے۔ تاہم، اسرائیلی حکام نے سخت میڈیا سنسر شپ لگا کر حملے کی اصل وجوہات کو چھپانے کی کوشش کی ہے۔