رائٹر کی جرنلسٹ کا ایجنسی پر اسرائیل نوازی کا الزام
کینیڈین فوٹو جرنلسٹ ویلری زنک نے آٹھ برس تک رائٹرز سے وابستہ رہنے کے بعد رائٹر کی اسرائيلی جرائم پر پردہ ڈالنے کی پالیسی پر احتجاج کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: رائٹر سے وابستہ رہنے والی کینیڈین فوٹو جرنلسٹ ویلری زنک نے کہا کہ ادارے کی غزہ پر رپورٹنگ صحافیوں سے غداری ہے اور یہ رویہ درجنوں فلسطینی صحافیوں کے قتل کو جواز اور سہارا فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ رائٹر کی مستعفی ہونے والی جرنلسٹ ویلری زنک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اب میرے لیے رائٹرز سے تعلق برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا، کیونکہ یہ ادارہ غزہ میں صحافیوں کے منظم قتل کو جواز فراہم کرنے اور اسے ممکن بنانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے غزہ میں الجزیرہ کے صحافی انس الشریف اور ان کے ساتھیوں کے قتل کے بعد رائٹرز کی رپورٹنگ اور اسرائیل نواز پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ زنک کا کہنا تھا کہ رائٹرز نے اسرائیل کا یہ بےبنیاد دعویٰ شائع کیا کہ انس الشریف حماس کے رکن تھے، جو کہ جھوٹ کا وہ سلسلہ ہے جسے مغربی میڈیا مسلسل دہراتا اور معتبر بناتا آیا ہے۔