ٹرمپ واشنگٹن پر قبضہ ختم کرو! ؛ ہزاروں امریکی مظاہرین سڑکوں پر
امریکہ کے شہروں شیکاگو اور واشنگٹن ڈی سی کے ہزاروں افراد نے مظاہرے کر کے ان شہروں میں فیڈرل پولیس کی تعیناتی کے خلاف احتجاج کیا۔
سحرنیوز/دنیا: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے شہر شیکاگو اور واشنگٹن ڈی سی سی کی مرکزی سڑکوں پر نکل کر ان شہروں میں فیڈرل پولیس کی تعیناتی اور امیگریشن سے متعلق قوانین پر عمل درآمد میں سختی کی مخالفت کا اعلان کیا۔ واشنگٹن ڈی سی کے بھی ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نیشنل گارڈ کی تعیناتی کے خلاف اجتماع کیا۔ امریکی مظاہرین نے ٹرمپ اور ان کی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی جانب مارچ کیا۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر واشنگٹن پر قبضہ ختم کرو اور واشنگٹن کو آزاد کرو، جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔
امریکی مظاہرین صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف گو ٹرمپ گو اور ظلم کے خلاف کھڑے ہوجاؤ جیسے نعرے بھی لگا رہے تھے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے جون میں لاس اینجلس میں فوج تعینات کی تھی اور گیارہ اگست کو واشنگٹن ڈی سی میں بھی نیشنل گارڈ کے جوانوں کو تعینات کر دیا۔ اس وقت امریکی نیشنل گارڈ کے تقریبا تین ہزار فوجی امریکہ کی سات ریاستوں میں تعینات ہيں۔