Oct ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۱:۵۱ Asia/Tehran
  • مڈغاسکر: پارلیمنٹ تحلیل، فوج نے اقتدار اپنے ہاتھ میں لے لیا

اقریقی ملک مڈغاسکر میں پارلیمنٹ تحلیل کر دی گئی ہے اور فوج نے ملک کا اقتدار سنبھال لیا ہے۔ صدر اینڈری راجویلینا فرار ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: مختلف ذرائع ابلاغ کے مطابق افریقی ملک مڈغاسکر میں نوجوانوں کی قیادت میں، جین زی تحریک، کے زبردست حکومت مخالف مظاہروں کے بعد فوج نے اقتدار سنبھال لیا ہے اور پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی ہے۔ 

مڈغاسکر کی فوج کے ترجمان کرنل مائیکل راندریانرینا نے سرکاری ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ فوجی کونسل آئندہ دو سال کے دوران اصلاحات اور نئے انتخابات کا لائحۂ عمل طے کرے گی۔

خطاب کے بعد کرنل مائیکل راندریانرینا نے صحافیوں کو بتایا کہ فوج کی قیادت میں ایک کمیٹی نئے انتخابات کے انعقاد سے پہلے عبوری حکومت کے ساتھ دو سال تک ملک پر حکومت کرے گی۔ اس دوران ایک نئے آئین کے لئے ریفرینڈم کا انعقاد کرایا جائے گا، جس کے بعد آہستہ آہستہ نئے اداروں کے قیام کے لئے انتخابات ہوں گے۔

مڈغاسکر میں 25 ستمبر سے جاری مظاہروں میں اکثریت جنریشن جی (جین زی) کی تھی۔ مظاہرین مہنگائی، کرپشن، ناقص حکمرانی اور بنیادی سہولتوں کے فقدان کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق مڈغاسکر میں جب فوج کے کچھ حصوں نے مظاہرین کا ساتھ دینا شروع کیا تو اس کے بعد، راجولینا اتوار کو ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ صدر راجویلینا نے اتوار کو فرانسیسی طیارے کے ذریعہ ملک چھوڑا حالانکہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اس بات کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا کہ ان کی حکومت نے اس سلسلے میں کوئی کردار ادا کیا ہے۔

 

ٹیگس