Oct ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۸:۵۷ Asia/Tehran
  • غزہ میں صحافیوں کو جانے کی اجازت دی جائے ، عالمی مطالبہ

صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز ودآؤٹ بارڈر نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں نامہ نگاروں کو جانے کی اجازت دی جائے

سحرنیوز/دنیا:  رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے غزہ کی پٹی کو غیر ملکی میڈیا اور صحافیوں کے لیے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غزہ کی پٹی کی صورتحال اور اس علاقے کے خلاف اسرائیلی فوج کی دو سال سے زائد عرصے سے جاری تباہ کن اور مجرمانہ جنگ کے نتائج کی کوریج کی جا سکے۔
رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے غزہ کی پٹی کو ان صحافیوں کے لیے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے جنہیں اکتوبر دوہزار تیئیس سے اس خطے تک آزادانہ رسائی سے محروم رکھا گیا ہے۔
اس تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایف پی اے) کی قانونی پٹیشن میں شامل ہو گئی ہے، جو سرحدوں کو آزاد صحافیوں کے لیے کھولنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
اس تنظیم نے کہا ہے کہ بین الاقوامی صحافیوں کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے روکنا فلسطینی صحافیوں کو مزید الگ تھلگ کر دینا ہے، جبکہ انہیں صیہونی حکومت کے تباہ کن اقدامات اور غلط معلومات پھیلانے سمیت غزہ کی پٹی میں ہونے والے واقعات کی کوریج کے دوران لاتعداد میدانی خطرات کا سامنا ہے۔
ڈائریکٹر ایڈووکیسی اینڈ اسسٹنس آف رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز اینٹون برنارڈ نے کہا کہ صیہونی کابینہ نے گذشتہ دو برسوں سے آزاد صحافیوں کے غزہ میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی میں دوسو دس سے زائد فلسطینی صحافی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے کم از کم چھپن صحافی اپنی صحافتی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران یا ان کے نتیجے میں شہید ہوئے ہیں، اور منظم حملوں اور کردار کشی کا نشانہ بنے ہیں۔

 

ٹیگس