وینزوئیلا میں امریکہ کے کئی جاسوسوں کو گرفتار کر لیا گیا
اطلاعات کے مطابق وینزوئیلا میں امریکہ کی خفیہ ایجنسی، سی آئی اے کے، کئی ایسے کارندوں کو گرفتار کیا گيا ہے جو ایک فرضی حملہ کرکے امریکہ کی فوجی جارحیت کا راستہ ہموار کرنا چاہتے تھے۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا ذرائع کے مطابق وینزوئیلا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یہ دہشت گرد ٹیم وینزویلا اور ٹرینیڈاڈ کی آبی سرحدوں کے قریب ایک امریکی جہاز کو نشانہ بنانے کی تیاری میں مصروف تھی تا کہ وینزوئیلا پر امریکہ کے حملوں کا بہانہ فراہم ہوسکے۔
وینزوئیلا کے وزیر خارجہ ایوان گل نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل سے اطلاع دی ہے کہ سی آئی اے سے وابستہ ان عناصر کی پلاننگ تھی کہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں تعینات ایک امریکی جنگی جہاز کو نشانہ بناکر اس کا الزام وینزوئیلا پر عائد کردیا جائے تا کہ واشنگٹن کی جارحیت کا جواز فراہم ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ سی آئی اے کے سلیپر سیلوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وینزوئیلا کی حکومت نے ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے وزیر اعظم کو اپنے ملک کے اقتدار اعلی کو امریکہ کے حوالے کرنے کے لیے ملزم قرار دیا ہے۔
وینزوئیلا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ایسے اقدامات کے نتیجے میں کیریبیئن علاقے کی سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ وینزوئیلا کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر وینزوئیلا پر دراندازی کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ کے جنگ پسند سنیٹر لنڈسی گراہام نے بھی دھمکی دی ہے کہ وینزوئیلا کی آبی حدود کے قریب ہونے والی امریکہ کی فوجی کارروائياں وینزوئیلا میں بھی داخل ہوسکتی ہیں۔