Jun ۱۹, ۲۰۱۹ ۲۰:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران کے بینک ملت کو ہرجانہ ادا کرنے پر برطانوی حکومت رضامند

برطانوی حکومت نے ایران کے بینک ملت کے ذریعے دائر کئے گئے کیس کو آگے بڑھنے سے روکنے کے اس ایرانی بینک کو تاوان ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

بلومبرگ نیوز ویب سائٹ نے خبردی ہے کہ لندن میں متعین لاء فرم زائیوالا اینڈ کمپنی نے جو ایران کے بینک ملت کے کیس کی پیروی کررہی تھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ برطانوی حکومت نے ایران کے بینک ملت کو تاوان ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

ایران کے بینک ملت نے برطانیہ میں اپنی مالی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کے برطانوی وزارت خزانہ کے اقدام کے خلاف شکایت کی تھی۔

برطانوی حکومت نے اس کیس میں اپنے دفاع میں اب تک پینتیس ملین پاؤنڈ خرچ کئے ہیں لیکن اب اس خوف سے کہ کہیں وہ یہ مقدمہ ہار نہ جائے ایران کے بینک ملت کو تاوان ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے -

برطانوی وزارت خزانہ نے دوہزار نو میں ایران کے بینک ملت پر یہ الزام عائد کرکے پابندی لگادی تھی کہ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام میں مدد دے رہا ہے۔

بینک ملت نے برطانوی وزارت خزانہ کے خلاف کیس کردیا اور بالآخر دو ہزار تیرہ میں برطانیہ کی اعلی عدالت نے ایران کے بینک ملت کے حق میں فیصلہ سنایا اور اعلان کیا کہ بینک ملت پر پابندی غیر قانونی ہے۔

برطانوی عدالت کے اس فیصلے کے بعد ایران کے بینک ملت نے اپنے نقصانات کے ازالے کے لئے برطانوی وزارت خزانہ کے خلاف ہرجانے کا کیس دائر کردیا اور اس سے ایک ارب چھے سو ملین ڈالر کامطالبہ کیا جسے ادا کرنے پر اب برطانوی حکومت تیار ہوگئی ہے۔

ٹیگس