Sep ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  •  ایران کی جانب سےحزب اللہ کے جوابی اقدام کی تعریف

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے صیہونی حکومت کے خلاف حزب اللہ لبنان کے جوابی حملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے ایام سوگواری کے آغاز کے موقع پر حزب اللہ کے اس جوابی اقدام نے ایک بارپھر ھیھات مناالذلہ کے غیر معمولی نعرے کو آفاقی بنادیا ہے

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود میں امریکی ڈرون طیارے کو مار گرایا جانا اور حزب اللہ کی جانب سے صیہونی حکومت کی تنبیہ ، خطرات اور علاقے میں بدامنی پھیلانے والے محاذ کی جانب سے جنگ کی آگ بھڑکانے کے اقدامات کا بھرپور مقابلہ کرنے لئے استقامتی محاذ کے عزم و ارادے کی غماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ ایک مضبوط، طاقتور ، ہوشیار اور بھرپور عوامی حمایت کی حامل تنظیم ہے ۔ علی شمخانی نے کہا کہ قومی مفادات کا تحفظ اور لبنانی عوام کی مصلحتوں کے مطابق اقدام کرنا حزب اللہ کا بنیادی اصول رہا ہے اور وہ اپنے سیاسی اور دفاعی فیصلوں میں انہی باتوں کو مد نظر رکھتی ہے -

اس درمیان اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت اقوام متحدہ کے ایک رکن اور آزاد وخود مختار ملک کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی اور عالمی امن و سلامتی کے منافی اقدام ہے - ترجمان وزارت خارجہ سید عباس موسوی نے لبنان پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت ، عالمی برادری کی معنی خیز خاموشی اور امریکی پشتپناہی کی بدولت لبنانی عوام کی قابل ف‍خر استقامت کو جو تل ابیب انتظامیہ کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ پالیسیوں اور اقدامات کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو رہی ہے اور جس کو اپنے ملک کے صدر اور فوج کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے کمزور کرنا چاہتی ہے - انہوں نے عالمی اداروں خاص طور پر اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیتوں پر جن سے علاقے اور پوری دنیا کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے اب خاموش نہ رہے اور ان جارحیتوں کو روکنے کے لئے کوشش کرے - فلسطینی علما کی کونسل اور فلسطین کی عوامی استقامتی کمیٹیوں نے بھی صیہونی حکومت کے خلاف حزب اللہ کی شاندار کاروائیوں پر مبارک باد پیش کی ہے -

فلسطین کی علما کونسل نے بھی ایک بیان جاری کرکے حزب اللہ لبنان کے جوابی اقدام کی تعریف کی ہے - فلسطین کی عوامی استقامتی کمیٹیوں نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے خلاف حزب اللہ کے کامیاب جوابی حملے نے غاصب صیہونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک نیا توازن قائم کردیا ہے - اس درمیان حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ لبنان کی استقامتی تحریک جارح دشمن کے مقابلے میں اپنے عوام کے دفاع کا حق رکھتی ہے -

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمدعبدالسلام نے بھی صیہونی حکومت کے خلاف حزب اللہ کے جوابی اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کے اس جوابی اقدام نے اس کی درخشاں تاریخ میں ایک اور نئے باب کااضافہ کردیا ہے انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے خلاف حزب اللہ کا جوابی حملہ دلیرانہ اقدام اور امت اسلامیہ سے غداری کرنے والی حکومتوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے - حزب اللہ لبنان نے اتوار کی شام لبنان پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقے میں صیہونی فوج کی ایک گاڑی پر حملہ کرکے اس میں سوار سبھی فوجیوں کو ہلاک کردیا اس کارروائی میں صیہونی فوج کا ایک سینیئر کمانڈر بھی ہلا ک ہوا - اس سے پہلے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا تھا کہ صیہونی حکومت کی اس جارحیت کا ہر حال میں جواب دیا جائے گا -

ٹیگس