May ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۳:۳۸ Asia/Tehran
  • رفح شہر کے مشرقی علاقے پر غاصب صیہونی حکومت کے فضائی، زمینی اور سمندری حملے جاری، درجنوں نہتے فلسطینی شہید و زخمی

غزہ پٹی کے مختلف علاقے بالخصوص رفح شہر کے مشرقی علاقے پر غاصب صیہونی حکومت کے فضائی، زمینی اور سمندری حملے جاری ہیں جن کی زد میں آکر اب تک درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے توپ خانے کی طرف سے رفح شہر کے مشرق میں شدید گولہ باری کے ساتھ ہی اس حکومت کے فوجی ہیلی کاپٹروں نے بھی اس علاقے کے مکینوں پر گولہ باری شروع کر دی ہے۔ صیہونی حکومت کی فوجی گاڑیوں نے مشرق میں واقع عامر کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا ہے اور رفح کے مشرق میں صیہونی فوجیوں اور مزاحمتی جوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

صیہونی حکومت کے بحری جہازوں نے بھی رفح شہر پر بمباری کی ہے اور رفح شہر کے مشرق میں ایک رہائشی مکان صہیونی فوج کے حملے کا نشانہ بنا ہے۔

رفح کے مشرق میں سلام محلے پر صیہونی حکومت کی جانب سے شدید گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے رفح شہر کے مشرق میں واقع غزہ پٹی کے تباہ شدہ ہوائی اڈے پر بمباری کی جبکہ اس کے ہیلی کاپٹروں نے بھی رفح کراسنگ کے اطراف میں گولہ باری کی ہے۔

اسی طرح صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ پٹی کے مرکز میں واقع النصیرات کیمپ کے شمال میں واقع المغرقہ کے علاقے پر حملہ کیا اور حجر الدیک کے علاقے میں ایک زرعی زمین پر بمباری کی ۔ ایک اور کارروائی میں صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ پٹی کے شمال میں بیت لاہیا کے شمال کو نشانہ بنایا اور غزہ کی پٹی کے جنوب میں صوبہ خان یونس کے مشرق میں خزاعہ شہر پر اسرائیلی فوج کے توپ خانے کی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے۔

اس کے علاوہ غزہ پٹی کے مرکزی علاقے المصدر کے مشرق اور غزہ کے شمال میں انڈونیشیا کے اسپتال کے اطراف کو بھی صیہونی جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا ۔ غزہ پٹی میں الحوا ہائٹس کے آس پاس کے علاقے بھی صیہونی فوج کے توپ خانے کا نشانہ بنے ہیں۔

ٹیگس