Sep ۱۷, ۲۰۲۰ ۰۰:۵۸ Asia/Tehran
  • اسنیپ بیک کو فعال کرنے کی امریکی کوشش لا حاصل ہے: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسنیپ بیک میکانیزم کو فعال بنانے کے لئے امریکی کوششوں کو ناکام اور لاحاصل قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسنیپ بیک میکانیزم ایٹمی سمجھوتے کے رکن ممالک کے لئے ہے لیکن وہ ملک جو ایٹمی سمجھوتے کو خیانت اور امریکی تاریخ کا بدترین سمجھوتہ قرار دے کر اس بین الاقوامی سمجھوتے سے باہر نکل چکا ہے وہ اسنیپ بیک کے بارے میں اظہار خیال کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا۔
صدر روحانی نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اراکین اور تین یورپی ممالک نے سفیر کی سطح پر کھل کر اسنیپ بیک میکانیزم سے استفادے کی مخالفت کی ہے اور چین اور روس بھی آگے آگے تھے اور انہوں نے کھل کر اس کی مخالفت کی اور سلامتی کونسل کے باقی اراکین نے بھی مخالفت کی ہے اس لئے امریکہ ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی پابندیوں کو بحال کرنے کے لئے ایٹمی سمجھوتے میں موجود طریقۂ کار کو استعمال کرنے کا حق نہیں رکھتا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت اور دو ایک چھوٹے ملک کے علاوہ جو وائٹ ہاؤس سے چپکے ہوئے ہیں دنیا میں کوئی اور امریکہ کے ساتھ نہیں ہے ۔
صدر روحانی نے صیہونی حکومت کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے تعلقات بحال کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ علاقے کے بعض عرب ممالک کے حکمراں فلسطین کاز کے وفادار نہیں ہیں ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے تمام خطرناک نتائج کی ذمہ داری ان ممالک پر عائد ہوگی جنہوں نے علاقے کی سیکورٹی اور ضوابط کے برخلاف صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات استوار کئے ہیں۔

ٹیگس