Nov ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • یمن: سعودی عرب کی جارحیت میں ایک گھر کے تمام افراد کی شہادت
    یمن: سعودی عرب کی جارحیت میں ایک گھر کے تمام افراد کی شہادت

یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شمالی صوبے جوف میں سعودی لڑاکا طیاروں کی جارحیت کے نتیجے میں ایک گھرانے کے تمام افراد شہید ہو گئے۔



یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے منگل کی علی الصبح صوبے جوف کے جبل اللوذ علاقے میں ایک رہائشی عمارت کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک گھرانے کے دس افراد شہید ہوگئے۔ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے منگل کو علی الصبح صوبے صنعا میں واقع علاقے سنحان پر بھی شدید بمباری کی۔

اس سے قبل سعودی عرب نے شمال مغربی یمن میں حجہ کے ریڈیو اسٹیشن کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں متعدد یمنی شہری شہید یا زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب روس کی نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب کی حمایت میں بحرینی فوجی، پیر کے روز ایک بار پھر جنوبی یمن کے علاقے عدن میں داخل ہو گئے۔

ادھر متحدہ عرب امارات سے اطلاع ملی ہے کہ اس ملک کے مسلح فوجیوں نے خفیہ تربیت کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے اور وہ، سعودی عرب کی حمایت میں یمن کی جنگ میں شامل ہونے کے لئے عدن روانہ ہونے والے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے یہ فوجی، یمن کے مستعفی اور مفرور صدر منصور ہادی کے حامی گروپ میں شامل ہوں گے۔

یہ رپورٹ ایسی حالت میں ملی ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ یمن میں جنگ کے خاتمے اور سیاسی راہ حل کے حصول کے لئے اس ملک کے مستعفی صدر منصور ہادی کو چاہئے کہ یمن کو ترک کردیں۔

واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب کی آل سعود حکومت اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں میں اب تک دسیوں ہزار افراد شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں عورتین و بچے بھی شامل ہیں جبکہ اس وحشیانہ جارحیت میں یمن کی اسّی فیصد بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہو چکی ہیں۔

ٹیگس