Jan ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • ٹرمپ حکومت شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی رپورٹ کانگریس میں  پیش کرنے سے گریزاں

ٹرمپ حکومت شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی کارروائی سے متعلق رپورٹ کانگریس میں پیش کرنے سے بار بار بھاگنے کی کوشش کررہی ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس، تہران کے ساتھ جاری کشیدگی اور ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے سلسلے میں کانگریس میں رپورٹ پیش کرنے کے لئے منعقد ہونے والے تین اجلاسوں کو اب تک اچانک تین بار ملتوی کر چکا ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے ممبران نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ نے دو وضاحتی اجلاس جو بدھ کو ہونے والے تھے ، انھیں اچانک منسوخ کردیا ہے۔

امریکی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی وزارت جنگ پینٹاگون بھی منصوبہ بندی سے متعلق مسائل کی وجہ سے ایوان نمائندگان کی مسلح افواج کی کمیٹی کے لئے ایران کے بارے میں جمعرات کو ہونے والے وضاحتی اجلاس کو ملتوی کر چکی ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ پینٹاگون کے ترجمان نے وضاحتی اجلاس کے انعقاد کا وقت معین کرنے کے لئے وزارت دفاع کی کوششوں کی خبر دی ہے۔

درایں اثنا دہشتگرد امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ایران ایک طاقتور اور توانا دشمن ہے اور اس کی فوجی طاقت بہت زیادہ ہے۔

امریکا کے سیکریٹری آف  دی آرمی راین میک کارٹی نے  اپنے ایک بیان میں کہا کہ عین الاسد فوجی اڈے پر ایران کے میزائلی حملے کے بعد پینٹاگون ، مغربی ایشیا میں مزید میزائلی سسٹم اور فوجی ساز و سامان بھیجنے پر غور کررہا ہے۔

دہشتگرد امریکی فوج کے وزیر نے مزید کہا کہ البتہ اس سلسلے میں آخری فیصلہ امریکی وزیر دفاع مارک اسپر کریں گے۔ امریکا کے سیکریٹری آف دی آرمی نے ممکنہ طور پر مغربی ایشیا میں بھیجے جانے والے فوجی ساز و سامان کے بارے میں مزید کہا کہ ہو سکتا ہے مغربی ایشاء کے لئے ارسال کئے جانے والے ہتھیار میزائلی سسٹم اور مختلف قسم کے فوجی ساز و سامان پر مشمتل ہوں تاہم ابھی اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ تین جنوری کو بغداد ایئرپورٹ پر امریکی فوج کے دہشتگردانہ حملے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی سپاہ قدس  کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی ، عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المھندس اور ان کے کئی دیگر ساتھی شہید ہوگئے تھے۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ رابطہ عامہ نے آٹھ جنوری کو ایک بیان جاری کر کے امریکی دہشتگرد فوج کے ہاتھوں جنرل قاسم سلیمانی کے بزدلانہ قتل کے انتقام میں عراق میں عین الاسد امریکی ایئربیس پر میزائلی حملوں کی خبر دی تھی ۔

 

ٹیگس