Oct ۰۶, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور بنگلہ دیش کے مابین تعاون کے7 معاہدوں پر دستخط

ہندوستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو دو دوست اورہمسایہ ممالک کے مابین عالمی شراکت کی ایک عمدہ مثال کے طور پر پیش کرتے ہوئے ہفتہ کے روز باہمی تعاون کے سات معاہدوں پر دستخط کیے ۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اور ہندوستان کے دورہ پر جانے والی بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے درمیان حیدرآباد ہاؤس میں وفد کی سطح پر دوطرفہ بات چیت میں معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ ہونے والے معاہدوں میں چٹ گاؤں اور منگلا بندرگاہوں کو چلانے کے معیاری طریقہ کار ، فینی ندی سے تری پورہ کے شہر سبروم کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، سمندری ساحل کی حفاظت کی نگرانی ،حیدرآباد اور ڈھاکہ یونیورسٹیوں کے مابین تبادلہ ، ثقافتی نوجوان امور میں تبادلہ اور آسان شرطوں پر قرض کا معاہدہ شامل ہے۔

دونوں وزرائے اعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہندوستان میں بنگلہ دیش سے ایل پی جی گیس کی درآمد ، پیشہ ورانہ تجارتی تربیت اور معاشرتی سہولت سے متعلق تین منصوبوں کا افتتاح کیا۔

اس موقع پرنریندر مودی نے کہا کہ گذشتہ ایک سال میں ہم نے نو منصوبوں کو ویڈیو روابط کے ساتھ شروع کیا اور آج کے تین منصوبوں کو ملا کر ایک سال میں درجن بھر مشترکہ منصوبے شروع کیے ہیں۔

 

ٹیگس