وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر راہل گاندھی کی نکتہ چینی
کانگریس کے سابق صدر نے سرحدی علاقوں کے سلسلے میں چین کے اقدامات پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج بدھ کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا چین ہماری سرحد پر آ گیا ہے اور لداخ میں ہمارے علاقے پر قبضہ کرچکا ہے اور اس درمیان وزیر اعظم نریندر مودی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، اس پورے واقعہ میں وہ کہیں نظر نہیں آ رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک تصویر بھی شائع کی ہے جس کے کیپشن میں کہا گیا ہے کہ چین نے جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے پوری وادی گلوان اور پانگونگ تسو کے ایک حصے پر اپنا دعویٰ بتا دیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ہندوستانی وزیر داخلہ کی دھمکی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان جو پاکستان کو سرجیکل اسٹرائک کی دھمکی دے رہا ہے وہ لداخ میں جا کر کیوں آپریشن نہیں کرتا؟!