ہندوستان اور چین کی سرحد پر فوجی جھڑپ، 3 فوجی ہلاک
ہند چین سرحد پر جھڑپ میں تین ہندوستانی فوجیوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔
ہندوستانی خبر رساں ذرائع کے مطابق ہندوستان اور چین کے درمیان مشرقی لداخ سرحد کے پیگانگ جھیل سیکٹر پر پیر کی رات دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس فائرنگ میں ہندوستان کے تین فوجی مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق مارے جانے والے ہندوستانی فوجیوں میں ایک افسر بھی شامل ہے۔
ہندوستانی فوج نے پیر کے دن ایک بیان جاری کر کے اس جھڑپ کی تصدیق کر دی ہے۔ ہندوستانی فوج کے اس بیان کے مطابق جھڑپ دونوں ملکوں کی افواج کے اپنی اپنی پوزیشن سے پیچھے ہٹنے کے عمل کے دوران ہوئی۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی صدارت میں ایک میٹنگ میں ہند چین سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس میٹنگ میں ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے علاوہ دیگر اعلی فوجی عہدیداروں نے شرکت کی۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا ہے کہ انہیں اس جھڑپ کی خبر نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور چین کے درمیان سرحد پر کشیدگی دور کرنے کے لئے، وادی گلوان میں دونوں ملکوں کے اعلی فوجی افسروں نے ملاقات کی ہے۔