کسانوں نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکردیا، محبوبہ مفتی
حکومت اور کسان تنظیموں کے درمیان جمعرات کے روز بھی ہونے والی چوتھے دور کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کسانوں کے احتجاج نے حکومت ہند کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی عوام کی طاقت سے خوفزدہ ہے یہی وجہ ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت اور کسان تنظیموں کے درمیان جمعرات کے روز ہونے والے چوتھے دور کے مذاکرات میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا، تاہم وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ 5 دسمبر کو پھر سے بات چیت ہوں گے۔
سات گھنٹے تک ہونے والے مذاکرات میں وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر، خوراک و رسد کے وزیر پیوش گوئل اور وزیر مملکت برائے تجارت سوم پرکاش اور کسانوں کے چالیس نمائندوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ ہزاروں کی تعداد میں کسان، گزشتہ سات دنوں سے دہلی کی سرحد پر موجود ہیں اور زراعتی اصلاحات کے قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔