Dec ۲۹, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • حکومت اور کسانوں کے مذاکرات

ہندوستان کی حکومت اور کسانوں کے مابین مذاکرات کے کئی دور ہوئے جو ناکامی سے دوچار ہوئے تاہم اب کل ایک بار پھر حکومت اور کسانوں کے نمائندہ وفد کے مابین مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔

حکومت نے زرعی اصلاحاتی قوانین کے خلاف تحریک چلانے والی کسان تنظیموں کو 30 دسمبر کو بات چیت کے لئے مدعو کیا ہے سیکریٹری زراعت سنجے اگروال نے 40 کسان تنظیموں کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ حکومت صاف نیت اور کھلے ذہن کے ساتھ متعلقہ امور کو عقلی طریقے سے حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

اس سے قبل حکومت نے کسانوں کی تنظیموں سے بات چیت کے وقت اور مقام کی نشاندہی کرنے کو کہا تھا۔

در ایں اثناء کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کے کسان سڑکوں پراحتجاج کررہے ہیں اور حکومت ان کو نظراندازکررہی ہے لیکن انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ کسانوں کو نظرانداز کرکے ملک میں خود انحصاری نہیں آسکتی اور کسان کی خود کفالت کے بغیر ملک کبھی خود کفیل نہیں ہوسکتا ہے۔

اس دوران کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کروڑوں کسان دہلی کی سڑکوں پر تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حکومت کو ان کی فکر نہیں ہے۔

ٹیگس