Jan ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اسپتال میں آتشزدگی سے 10 نوزائیدہ بچے جاں بحق

ہندوستان میں چائلڈ کیئر وارڈ میں آتشزدگی سے 10 نوزائیدہ بچوں کی المناک موت ہوگئی ہے۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے بھنڈارا ڈسٹرکٹ اسپتال میں آتشزدگی کے باعث 10 نوزائیدہ بچوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

نریندر مودی نے آج  ہفتہ کے روز ہونے والے اس المناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کے بھنڈارا میں ایک دل دہلانے والا واقعہ رونما ہوا جس میں ہم نے قیمتی معصوموں کو کھو دیا۔

خیال رہے کہ ریاست مہاراشٹر کے ضلع بھنڈارکے ڈسٹرکٹ اسپتال میں چائلڈ کیئر وارڈ میں آتشزدگی سے 10 نوزائیدہ بچوں کی المناک موت ہوگئی۔

اسپتال کے سول سرجن ڈاکٹر پرمود کھنڈاتے  کا کہنا ہے کہ چائلڈ کیئر وارڈ میں ایک سے تین ماہ تک کی عمر کے 17 بچوں کو رکھا گیا تھا۔ ایک نرس نے دیکھا کہ اس وارڈ سے دھواں نکل رہا ہے،اس واقعہ کی ڈاکٹروں کو فوراً اطلاع دی گئی۔ اسپتال کے عملے نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی جس میں سات بچوں کو ہی بچایا جاسکا ، بقیہ 10 بچے ہلاک ہوگئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن خدشہ ہے کہ یہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ہے۔

دریں اثنا ریاست کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے وزیر صحت صحت راجیش ٹوپے اور ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کیا اور اس واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔

ٹیگس