Mar ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کے کیسز میں تشویشناک اضافہ

ہندوستان میں جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسزمیں تشویشناک اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 46 ہزار 951 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 212 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ یہ تعداد اتوار کے روز 197 ،ہفتہ کے روز188 ، جمعہ کے روز 154 ، جمعرات کے روز 172 ، بدھ کے روز 181 اور منگل کے روز 131 درج کی گئی تھی۔

درایں اثنا اس ملک میں اب تک 40 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو اینٹی کورونا ویکسین دیئے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب کانگریس نے کہا ہے کہ ملک کورونا کی دوسری لہر کی زد میں ہے اور حکومت اس کو روکنے میں ناکام رہی ہے اس لئے وبا کو کنٹرول کرنے کےلئے قومی پالیسی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفریس میں کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر آگئی ہے یا آنے والی ہے اور یہ دعوی کئی ریٹنگ ایجنسیاں بھی کرچکی ہیں لیکن حکومت اسے روکنے کےلئے ضروری قدم اٹھانے میں کامیاب نہیں ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کووڈ کا ٹیکہ بن چکا ہے لیکن ٹیکہ کاری تیزی سے نہیں ہورہی ہے اورآرٹی پی سی آر کی ٹیسٹنگ میں تاخیر ہورہی ہے ۔

ٹیگس