May ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اسپتال میں آگ لگنے سے 18 مریض جاں بحق

گجرات کے بھروچ میں گزشتہ شب ایک پرائیویٹ اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے یونٹ ( آئی سی یو) میں آگ لگنے سے کم از کم 18 افراد کی موت ہوگئی۔ اموات کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔

آگ لگنے کا یہ واقعہ جمعے کی رات گجرات کے علاقے بھروچ کے پٹیل ویلفئر اسپتال میں رونما ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بھروچ۔ جمبوسار بائی پاس روڈ پر واقع پٹیل ویلفیئر اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے یونٹ ( آئی سی یو)  میں پیش آیا۔ آدھی رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے اس کے دو آئی سی یو میں سے ایک یونٹ میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی فائر بریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر حرکت میں آگئی۔ بہت سے مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔

اس واقعے میں اسپتال کے دو کارکنوں سمیت اٹھارہ افراد جل کے مرگئے اور متعدد کی حالت نازک بتائی گئی ہے جس کے پیش نظر ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ ممکن ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہو۔

قابل ذکر ہے کہ گجرات میں اس سے پہلے بھی کورونا کے بحران کے دوران راجکوٹ اور احمد آباد میں اسپتالوں میں آگ لگنے کے واقعات میں متعدد مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔

ٹیگس