فضائی آلودگی کے باعث نئی دہلی کی چھٹی کر دی گئی
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں خطرناک آلودگی کی وجہ سے پیر سے سبھی تعلیمی مراکز اور سرکاری اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بڑھتی ہوئی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا، ریاستی وزیر صحت ستیندر جین ، وزیر ماحولیات گوپال رائے اور دہلی کے چیف سیکریٹری نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد ایک ہفتے کے لئے دہلی کے سبھی سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا لیکن اسی کے ساتھ کہا گیا ہے کہ اسکولوں کی آن لائن کلاسیں چلتی رہیں گی۔ دہلی میں پیر چودہ نومبر سے سترہ نومبر تک سبھی تعمیراتی کام بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مزید دیکھیئے:یہ برفانی تودے نہیں، خطرناک جھاگ ہیں!۔ تصاویر
یاد رہے کہ سنیچر کو ہندوستانی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے دہلی میں فضائی آلودگی کی خطرناک سطح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت کو، آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں حکومت سے کہا ہے کہ پیر کو عدالت میں اس سلسلے میں رپورٹ پیش کرے۔
ہندوستانی سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ضرورت ہو تو لاک ڈاؤن کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔