کشمیر: 3 عسکریت پسند جاں بحق
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین ہونے والے تصادم میں 3 عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے۔
سری نگر میں بدھ کی شام کو ہوئے مختصر تصادم میں ٹی آر ایف کے اعلیٰ کمانڈر سمیت تین عسکریت پسند جاں بحق ہوئے ۔ پولیس کے ایک ترجمان نے دعوی کیا کہ سری نگر کے رام باغ علاقے میں عسکریت پسندوں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سری نگر پولیس کے چند اہلکاروں نے مشتبہ سینٹرو گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس کے دوران نجی گاڑی میں موجود افراد نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کرکے جائے وقوع سے فرار ہونے کی کوشش کی ۔
ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں کی شناخت لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) کمانڈر مہران یاسین شالہ ، منظور احمد میر اورعرفات احمد شیخ کے بطور ہوئی ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا جبکہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔