ہندوستانی چیف آف ڈیفنس بپن راوت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک
جنرل بپن راوت کی ہلاکت کے بعد کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں چیف ڈیفنس آف اسٹاف بپن راوت سمیت 13افراد ہلاک ہو گئے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ آج تمل ناڈو کے گھنے جنگلی علاقے کوئٹمبور اور سولر کے درمیان حادثے کا شکار ہوئے ایم آئی- سیریز کے ہیلی کاپٹر میں چیف ڈیفنس آف اسٹاف بپن راوت کے علاوہ اہلخانہ اور سٹاف کے 14 افراد سوار تھے جن میں مسز مدھو لیکا راوت، بریگیڈیئر ایل ایس لڈر، لیفٹیننٹ کرنل ہرجندر سنگھ ، نائیک گرسیوک سنگھ، نائیک جتندر کمار، لانس نائیک ویوک کمار اور دیگرشامل ہیں۔
ہندوستانی فضائیہ نے حادثہ کے فوراً بعد ایک بیان میں کہا کہ سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کو لے جا رہا ایک IAF Mi-17V5 ہیلی کاپٹر، تمل ناڈو کے کنور کے پاس آج حادثہ کا شکار ہوگیا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق جنرل بپن راوت میڈیکل کالج میں لیکچر کیلئے جا رہے تھے۔
حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات کے احکامات دیئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ جنرل بپن راوت ہندوستان کے آرمی چیف تعینات رہے ہیں اور 31 دسمبر 2019 کو عہدے سے ریٹائر ہوئے جس کے بعد ہندوستانی وزیراعظم نے انہیں ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس مقرر کیا تھا۔