ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر ہینڈ گرینیڈ حملہ، 8 افراد زخمی
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے سرینگر میں ہینڈ گرینیڈ سے ہونے والےحملے میں پولیس انسپکٹر سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔
ہندوستان کے زیر انتظام جموں وکشمیر کے گرمائی دارالخلافہ سری نگر کے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ علاقے میں ہوئے ہینڈ گرینیڈ حملے میں پولیس انسپکٹر سمیت 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
صدر ہسپتال سری نگر میں تعینات ایک ڈاکٹر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ گرنیڈ حملے میں 8 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
نامعلوم افراد نے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کے مصروف بازار میں دن کے ساڑھے تین بجے ہینڈ گرینیڈ داغا ۔ پولیس کی گاڑی کو بھی اس حملہ میں نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ آج ہندوستان کا 73 واں یوم جمہوریہ ہے اور اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں یوم جمہوریہ اور دیگر ایسے مواقع پر حملوں کا خطرہ رہتا ہے۔
آئی جی پی کشمیر نے کل فُل ڈریس رہرسل کے دوران کہا تھا کہ سیکورٹی دستوں نے مکمل حفاظتی انتظامات کئے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ واردات ہوئی۔
یہ گرینیڈ حملہ جہاں ہوا وہاں کافی بھیڑ رہتی ہے اور پچھلے کئی دنوں سے مسلسل تلاشیاں لی جارہی تھی لیکن اس کے باوجود گرینیڈ حملہ ہوا جو سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے سوالیہ نشان ہے۔