Feb ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی روس اور یوکرین سے فوری جنگ بندی کی اپیل

ہندوستان نے روس اور یوکرین دونوں سے کہا ہے کہ وہ علاقائی امن کو تباہ ہونے سے روکنے کے لئے فوری طور پر جنگ روک دیں۔

اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب ٹی ایس تریمورتی نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس اور یوکرین کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر جنگ روک دیں اور ایسے کسی بھی اقدام سے اجتناب کریں کہ جس سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہو۔ ہندوستانی مندوب نے کہا کہ اگر حالات کو سنبھالا نہ گیا تو خطے کا امن اور سلامتی تباہ ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب یوکرین میں روس کی فوجی کارروائی کے بعد یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلبا کو واپس لانے کے لئے ایئر انڈیا کی خصوصی پروازوں کو واپس بلالیا گیا۔ ہندوستانی طیارے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کو صبح ساڑھے سات بجے یوکرین کے لئے اڑے تھے لیکن یوکرین نے شہری پروازوں کے لئے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں جس کے بعد ان طیاروں کو واپس بلالیا گیا۔ تین روز قبل ہندوستان کے تین خصوصی طیارے یوکرین روانہ ہوئے تھے جو ہندوستانی طلبا کو لے کر واپس وطن لوٹے تھے۔

کئی ہزار ہندوستانی طلبا اب بھی یوکرین میں موجود ہیں اور ان کی واپسی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس