Apr ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • روس کے ساتھ اتحاد کرنے پر امریکہ کی ہندوستان کو دھمکی

امریکا نے روس کے ساتھ اتحاد پر ہندوستان کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی اقتصادی کونسل کے ڈائریکٹر برائن ڈیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا نے ہندوستان کو روس کے ساتھ اتحاد کی بابت ایک بار پھر خبردار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کو معلوم ہونا چاہئے کہ روس کے ساتھ اس کی اسٹریٹیجک صف بندی کے نتائج اہم اور طویل المیعاد ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کی قومی اقتصادی کونسل کے سربراہ برائن ڈیز نے کہا کہ یوکرین پر روسی حملے کے تعلق سے ہندوستان کے ردعمل نے امریکی حکام کو مایوس کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی قومی سلامتی کے نائب مشیر نے بھی روس سے قربت کی بابت ہندوستان کو انتباہ دیا تھا۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کو ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں یوکرین جنگ کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان یوکرین جنگ کا مخالف ہے اور تنازعے کے حل کے لئے سفارتکاری پر زور دیتا ہے لیکن ماسکو نئی دہلی کا سب سے بڑا اقتصادی شریک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان روس کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط کا استحکام چاہتا ہے۔

ٹیگس