ہندوستان میں بی جے پی حکومت پر عوام کو تقسیم کرنے کا الزام
کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت پر عوام کو تقسیم کرنے کی پالیسی پر چلنے کا الزام لگایا ہے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ریاست راجستھان کے ڈونگر پورہ علاقے میں ایک پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد، عوامی جلسے سے خطا ب میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت صرف گنے چنے چند صنعتکاروں کے لئے ہی کام کرتی ہے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر ملک کی تاریخ اور ثقافت کو بدلنے اور عوام کو تقسیم کرنے کی پالیسی پر چلنے کا الزام لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی عوام کو جوڑنے اور متحد رکھنے کے لئے کام کرتی ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی انہیں توڑنے اور تقسیم کرنے کی سیاست پر عمل کرتی ہے۔ راہل گاندھی نے اسی کے ساتھ مرکز کی بی جے پی حکومت پر ملک کی معیشت کو برباد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکز میں متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت نے ملک کی معیشت کو مضبوط کیا تھا جس کو برباد کرکے بی جے پی حکومت نے نوجوانوں کو بے روزگار کردیا اور مہنگائی کو آسمان پر پہنچا دیا۔