Jun ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں حالات بدستور کشیدہ،  جلاو گھیراو اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری

نئی بھرتی اسکیم اگنی پتھ کے خلاف ملک میں ہنگامہ آرائی کے بعد فوج نے آج بھرتی کا عمل جلد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دو دن میں فوج کی ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

ہندوستانی فوج میں نوجوانوں کی بھرتی کے لیے اعلان کردہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جمعہ کو تیسرے دن بھی جاری رہا اور اس ملک کی کئی ریاستوں میں جلاو گھیراؤ اور پرتشدد واقعات رونما ہوئے۔

اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بہار، اتر پردیش، ہریانہ، مدھیہ پردیش اور راجستھان اور دارالحکومت دہلی سمیت دیگر ریاستوں میں زبردست مظاہرے کیے گئے، مظاہرین نے کئی مقامات پر ریل روڈ ٹریفک میں خلل ڈالا اور کئی گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔

بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے طلبہ ونگ نے دہلی میں احتجاج کیا جہاں آئی ٹی او میٹرو اسٹیشن کے نزدیک پلے کارڈز اٹھائے طلبہ کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی جہاں انہوں نے دفاعی خدمات میں نئی ​​متعارف کرائی گئی بھرتی اسکیم کے خلاف احتجاج کیا اور اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے پرانے دہلی پولیس ہیڈکوارٹر اور آئی ٹی او میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر پانچ میں دھرنا دیا اور اگنی پتھ مخالف نعرے لگائے۔ طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) سمیت سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے کارروائی کی اور دہلی پولیس نے کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیا۔

بہار سے اطلاعات ہیں کہ مظاہرین نے خاص طور پر ریلوے کو نشانہ بنا تے ہوئے آٹھ ٹرینوں کو آگ لگا دی۔ بکسر اور نالندہ اضلاع میں مظاہرین نے ریلوے ٹریک کو بھی نذر آتش کر دیا جس سے ریلوے ٹریفک ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ پولیس تشدد کے جواب میں مظاہرین نے پٹنہ کے سپول، داناپور، بھوجپور کے کلہریا اور ویشالی میں حاجی پور میں مسافر ٹرینوں کو نذر آتش کرکے ٹریفک روک دیا اور اسٹیشن کے احاطے میں کھڑی گاڑیوں، فرنیچر اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

پولیس ذرائع کے مطابق احتجاجی طلباء نے بیتیا میں نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی اور بہار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر سنجے جیسوال کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا اور بی جے پی کے رکن اسمبلی ونے بہاری کی گاڑی پر بھی حملہ کیا۔ مشتعل ہجوم نے مدھے پورہ اور ساسارام ​​میں بی جے پی کے دفاتر کو نذر آتش کردیا۔

در ایں اثناء نئی بھرتی اسکیم اگنی پتھ کے خلاف ملک میں ہنگامہ آرائی کے بعد وائس چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے جمعہ کو بھرتی کا عمل جلد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دو دن میں فوج کی ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ 

فوج نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مستقبل میں جوانوں کی بھرتی صرف اگنی پتھ اسکیم کے تحت کی جائے گی اور پرانے عمل کے تحت بھرتی روک دی گئی ہے۔ فوج کی جانب سے احتجاج کرنے والے نوجوانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایجی ٹیشن چھوڑ دیں اور بھرتی کی تیاری شروع کریں کیونکہ بھرتی کا عمل جلد شروع ہونے والا ہے۔

ٹیگس