بریکس اراکین عالمی معیشت کی حکمرانی پر یکساں خیالات رکھتے ہیں: نریندر مودی
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بریکس ممالک کے درمیان باہمی تعاون سے ان ممالک کے شہریوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں آئیں ہیں اور یہ تعاون دنیا کو پیدا ہونے والی کووڈ صورتحال سے نکالنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
جمعرات کو چودھویں بریکس چوٹی کانفرنس سے اپنے ورچوئل خطاب میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بریکس کے رکن ممالک عالمی معیشت کی حکمرانی کے بارے میں یکساں خیالات رکھتے ہیں اور اس طرح ہمارا باہمی تعاون کووڈ کے بعد کی عالمی بحالی میں مفید کردار ادا کر سکتا ہے۔
بریکس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ہم نے برکس میں کئی ادارہ جاتی اصلاحات کی ہیں، جس سے اس تنظیم کی تاثیر میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے عملی اقدامات بریکس کو ایک منفرد بین الاقوامی تنظیم بناتے ہیں جس کی توجہ صرف بات چیت تک محدود نہیں ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ عالمی سطح پر کووڈ وبا کا پھیلاؤ پہلے کے مقابلے میں کم ہوا ہے لیکن اس کے بہت سے مضر اثرات عالمی معیشت میں اب بھی نظر آرہے ہیں۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ بریکس ممالک نے کھیلوں کی تقریبات اور یوتھ کانفرنسوں کے انعقاد کے ذریعے عوام سے عوام کے رابطوں کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آج کی بحث ہمارے برکس تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے بہت سی تجاویز سامنے آئیں گی۔